مذاکرات میں پہلی بار نیٹو رکنیت کو علاقائی رعایتوں سے جوڑا گیا، زیلنسکی

امریکا نے دونباس سے دستبرداری کے بدلے یوکرین کو نیٹو رکنیت کی تجویز دی ہے: زیلنسکی
یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی نے کہا ہے کہ ابوظہبی میں روس کے ساتھ امن مذاکرات کے تازہ دور کے بعد امریکی مذاکرات کاروں نے تجویز دی ہے کہ یوکرین نیٹو میں شمولیت کے بدلے مشرقی علاقے دونباس سے دستبردار ہو جائے۔
ہفتے کو صدارتی دفتر سے جاری بیان میں زیلنسکی نے بتایا کہ مذاکرات کے دوران یہ پہلا موقع ہے کہ نیٹو رکنیت کو علاقائی رعایتوں سے جوڑا گیا ہے۔ ان کے مطابق امریکیوں نے سوال اٹھایا کہ اگر یوکرین کو نیٹو کا رکن بنا لیا جائے تو کیا وہ دونباس سے پیچھے ہٹ جائے گا۔
زیلنسکی کا کہنا تھا، ’اسی لیے میرا ماننا ہے کہ نیٹو ایک بار پھر ایجنڈے پر واپس آ گیا ہے۔ لیکن آپ نے پیوٹن کے اشارے بھی سنے ہیں، اور یہ انتہائی مشکل بات چیت ہے۔‘
روسی صدر ولادیمیر پیوٹن طویل عرصے سے یوکرین کی نیٹو رکنیت کو روس کے لیے ’ریڈ لائن‘ قرار دیتے آئے ہیں۔ 2022 میں یوکرین پر حملے کی ایک وجہ بھی انہوں نے یہی بتائی تھی۔
یوکرینی صدر نے اپنے اس مؤقف کو دہرایا کہ یوکرین اپنا علاقہ چھوڑنے کے لیے تیار نہیں۔ تاہم انہوں نے کہا کہ اگر یوکرین کو ایک جامع پیکج دیا جائے، جس میں سکیورٹی ضمانتیں، مضبوط اور مالی طور پر مستحکم فوج رکھنے کا حق اور تعمیرِ نو کے لیے فنڈز شامل ہوں، تو وہ یہ سوال قومی ریفرنڈم کے ذریعے عوام کے سامنے رکھیں گے۔
دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے داماد اور نمائندے جیرڈ کشنر نے ہفتے کو کہا کہ رواں ہفتے کے مذاکرات میں دونوں فریقوں نے ’انتہائی سخت مؤقف‘ اپنایا۔ ان کے مطابق نجی گفتگو میں دونوں فریق ’اس بات کو سمجھتے ہیں کہ اس جنگ کو ختم کرنے کے لیے عملی سمجھوتے ضروری ہوں گے۔‘
