جنوبی ایشیا میں خودکار ہتھیاروں کی بے قابو دوڑ خطے کے استحکام کے لیے خطرہ بن سکتی ہے، ماہرین

مہلک خودکار ہتھیاروں کی بے قابو دوڑ مہنگی اور عدم استحکام کا باعث ہو گی: سفیر طاہر حسین اندرابی
سفیر طاہر حسین اندرابی نے کہا ہے کہ مہلک خودکار ہتھیاروں (لاز) کے میدان میں بے قابو مقابلہ مہنگا بھی ہو گا اور عدم استحکام کا سبب بھی بنے گا، خاص طور پر جنوبی ایشیا جیسے خطے میں جہاں وارننگ کا وقت کم ہوتا ہے اور بحران تیزی سے آگے بڑھتے ہیں۔
وہ انسٹی ٹیوٹ آف اسٹریٹجک اسٹڈیز اسلام آباد (آئی ایس ایس آئی) اور سسٹین ایبل پیس اینڈ ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن (اسپیڈو) کے اشتراک سے ہونے والے سیمینار "لیتھل آٹونومس ویپنز: فرام انٹرنیشنل ڈیلیبریشن ٹو اے لیگل رسپانس" کے شرکا سے ویڈیو پیغام میں خطاب کر رہے تھے۔ تقریب میں اسٹریٹجک امور کے ماہرین، ماہرینِ تعلیم اور سفارت کار شریک ہوئے۔
سفیر اندرابی کے مطابق پاکستان 2013 سے اس معاملے پر سرگرم ہے، جب بہت کم ممالک اس مسئلے پر توجہ دے رہے تھے۔ پاکستان ان ہتھیاروں کے نظم و نسق اور ضابطہ بندی کا مطالبہ کرتا آ رہا ہے جو طاقت کے استعمال کا فیصلہ انسان سے مشین کو منتقل کر دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انسانی خطرات کے ساتھ ساتھ پاکستان ان ہتھیاروں کے علاقائی اور عالمی سلامتی و استحکام پر اثرات کو بھی اجاگر کرتا رہا ہے۔
اسپیڈو کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر رضا شاہ خان نے "لاز کے خلاف عالمی تحریک" پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ ہتھیار مصنوعی ذہانت کے ذریعے انسانی اہداف کی شناخت، انتخاب اور ان پر حملہ انسانی مداخلت کے بغیر کرتے ہیں۔ اس سے یہ سنگین خدشات پیدا ہوتے ہیں کہ آیا یہ شہری اور عسکری اہداف میں فرق کر سکیں گے یا نہیں۔ انہوں نے کیمپین ٹو اسٹاپ کِلر روبوٹس کے کردار پر بھی روشنی ڈالی، جو ٹیکنالوجی کے پُرامن استعمال اور ان ہتھیاروں پر پابندی کے لیے کام کر رہی ہے۔
کیمپین ٹو اسٹاپ کِلر روبوٹس کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر نکول وان روئین نے ان ہتھیاروں پر عالمی سطح پر ہونے والے مباحث کا پس منظر بیان کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ زندگی اور موت کے فیصلے مشینوں کے سپرد کرنے سے بنیادی اخلاقی سوالات جنم لیتے ہیں۔ انہوں نے پاکستان کی دیرینہ قیادت کو سراہا اور کہا کہ خودکار ہتھیاروں سے متعلق سی سی ڈبلیو کے چھٹے پروٹوکول کی کوششوں کو آگے بڑھانے میں پاکستان کا کردار کلیدی رہا ہے، جو مسلح تصادم کے دوران بین الاقوامی قانون کی پاسداری اور شہریوں کے تحفظ کے لیے ضروری ہے۔
ایئر یونیورسٹی اسلام آباد کی فیکلٹی آف ایرو اسپیس اینڈ اسٹریٹجک اسٹڈیز کے ڈین ڈاکٹر عادل سلطان نے کہا کہ مستقبل کی جنگوں میں مصنوعی ذہانت، سائبر اور کوانٹم ٹیکنالوجیز کا کردار بڑھ رہا ہے۔ ان کے مطابق اس سے روایتی اور جوہری کارروائیوں کے آپس میں الجھنے کا خطرہ پیدا ہوتا ہے۔ انہوں نے ہتھیاروں پر کنٹرول کے روایتی ڈھانچوں کی حدود اور ابھرتی ہوئی عسکری ٹیکنالوجیز کے لیے جامع بین الاقوامی معاہدے کی عدم موجودگی کی نشاندہی کی۔ ڈاکٹر عادل سلطان نے ٹیکنالوجی کی پیش رفت اور ہتھیاروں پر کنٹرول کے مذاکرات کے درمیان بڑھتے فاصلے کا ذکر کرتے ہوئے ایسے لچکدار تصدیقی نظام کی ضرورت پر زور دیا جو نئے چیلنجز سے نمٹ سکیں۔
نیشنل یونیورسٹی آف ماڈرن لینگوئجز (نمل) کی پروفیسر ڈاکٹر رضوانہ عباسی نے عسکری مصنوعی ذہانت اور مہلک خودکار ہتھیاروں میں فرق واضح کرتے ہوئے کہا کہ اصل بات ہتھیاروں میں خودمختاری کی سطح اور دائرہ کار ہے۔ انہوں نے تسلیم کیا کہ رفتار، ہم آہنگی اور کارکردگی کے لحاظ سے ان کے عملی فوائد ہیں، تاہم ان کے مطابق اسٹریٹجک استحکام پر اس کے اثرات تشویشناک ہیں۔ حادثاتی کشیدگی، غلط اندازے اور فیصلہ سازی کے لیے کم ہوتا وقت سفارت کاری کی گنجائش کو محدود کر دیتے ہیں۔
آئی ایس ایس آئی کے ڈائریکٹر جنرل سفیر معین الحق نے کہا کہ عسکری ٹیکنالوجی میں پیش رفت تاریخی طور پر بین الاقوامی ضابطہ سازی سے آگے رہی ہے، اور خودکار ہتھیار بھی ہتھیاروں پر موجودہ کنٹرول کے ڈھانچوں کی انہی کمزوریوں کو بے نقاب کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ فوجی نظاموں میں خودکار صلاحیتیں نئی بات نہیں، لیکن مشینوں کے خود مہلک فیصلے کرنے کا بڑھتا امکان انسانی، قانونی، اخلاقی اور سلامتی کے حوالے سے سنگین خدشات پیدا کرتا ہے، بالخصوص شہریوں کے تحفظ اور جواب دہی کے معاملے میں۔
آئی ایس ایس آئی کے اسلحہ کنٹرول و تخفیفِ اسلحہ مرکز کے ڈائریکٹر ملک قاسم مصطفیٰ نے افتتاحی کلمات میں کہا کہ مصنوعی ذہانت کی ہتھیار سازی میں شمولیت جنگ کا نقشہ بدل رہی ہے اور پیچیدہ سلامتی چیلنجز کو جنم دے رہی ہے۔ جنوبی ایشیا کے تناظر میں انہوں نے کہا کہ مئی 2025 کے تنازع کے بعد بھارت نے غیر رابطہ جنگ کی تیاریوں کے تحت خودکار ہتھیاروں کی تیاری میں تیزی لائی ہے، جس سے علاقائی سلامتی کے خدشات میں مزید اضافہ ہوا ہے۔
اختتامی کلمات میں آئی ایس ایس آئی کے بورڈ آف گورنرز کے چیئرمین سفیر خالد محمود نے مہلک خودکار ہتھیاروں کے خلاف قانونی لحاظ سے مضبوط اور عملی طور پر مؤثر بین الاقوامی ردعمل کی ضرورت پر زور دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پیش رفت کا انحصار اس پر ہے کہ ریاستیں مشترکہ تحفظات کو بامعنی بین الاقوامی وعدوں میں کس حد تک ڈھالتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکنالوجی کی ترقی کو روکا نہیں جا سکتا، مگر ضروری ہے کہ تکنیکی پیش رفت اور انسانی ذمہ داری ساتھ ساتھ چلیں
