موسم

    دنیا

    کینسر کے علاج کے بعد کیٹ مڈلٹن کا بڑا غیر ملکی دورہ، شہزادہ ولیم کے ساتھ بھارت پہنچیں گی

    Kate Middleton and Prince William India Visit Earthshot Prize 2026

    شاہی جوڑی کا ممبئی میں تین روزہ دورہ، ارتھ شاٹ پرائز تقریب میں عالیہ بھٹ، سچن ٹنڈولکر اور عالمی شہرت یافتہ فنکار بھی جلوہ گر ہوں گے۔

    ممبئی:برطانوی شاہی خاندان کی شہزادی کیٹ مڈلٹن اپنے شوہر شہزادہ ولیم کے ہمراہ بھارت کے تین روزہ دورے پر روانہ ہو رہی ہیں۔ کینسر کے علاج کے بعد یہ ان کا اب تک کا سب سے اہم غیر ملکی دورہ قرار دیا جا رہا ہے، جہاں شاہی جوڑی ماحولیات، فیشن، کرکٹ اور بالی ووڈ سے جڑی مختلف تقریبات میں شرکت کرے گی۔

    برطانوی تخت کے وارث شہزادہ ولیم اور شہزادی کیٹ مڈلٹن ممبئی میں مختلف سرگرمیوں کا حصہ بنیں گے۔ دورے کا مرکزی ایونٹ منگل کو منعقد ہونے والی ارتھ شاٹ پرائز کی تقریب ہوگی، جس میں دنیا بھر سے اہم شخصیات، فنکار اور ماحولیاتی تحفظ کے لیے کام کرنے والے افراد شریک ہوں گے۔

    44 سالہ شہزادی کیٹ کے لیے یہ دورہ خصوصی اہمیت رکھتا ہے۔ 2024 میں کینسر کی ایک غیر متعین قسم کے علاج کے سلسلے میں احتیاطی کیموتھراپی مکمل کرنے کے بعد یہ ان کا سب سے نمایاں بیرون ملک دورہ ہے۔ اگرچہ وہ اب کینسر سے صحت یاب ہونے کے مرحلے میں ہیں اور ریمیشن میں ہیں، تاہم ان کے مطابق بیماری کے اثرات اب بھی زندگی کا حصہ ہیں۔

    دوسری جانب شہزادہ ولیم نے 2020 میں ارتھ شاٹ پرائز کی بنیاد رکھی تھی، جس کا مقصد ماحولیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے جدید اور مؤثر حل تلاش کرنا ہے۔ اس منصوبے کے تحت ہر سال پانچ کامیاب منصوبوں کو ایک، ایک ملین پاؤنڈ کی انعامی رقم دی جاتی ہے تاکہ وہ اپنے آئیڈیاز کو بڑے پیمانے پر عملی شکل دے سکیں۔

    کینسنگٹن پیلس کے ترجمان کے مطابق شہزادہ ولیم کا مقصد ماحولیاتی مسائل کے حوالے سے مایوسی کے بجائے امید اور امکانات کو فروغ دینا ہے۔

    بالی ووڈ، کرکٹ اور میوزک کا شاہی رنگ

    اس سال ارتھ شاٹ پرائز کی تقریب کو اب تک کی سب سے بڑی تقریب قرار دیا جا رہا ہے، جہاں بھارتی کرکٹ کے لیجنڈ سچن ٹنڈولکر، بالی ووڈ اداکارہ عالیہ بھٹ، اداکار رامی ملک اور برطانوی پاپ بینڈ ٹیک دیٹ بھی شرکت کریں گے۔

    ٹیک دیٹ کے لیے یہ بھارت میں پہلی پرفارمنس ہوگی۔ بینڈ نے اپنے بیان میں کہا کہ کئی برسوں کے بعد پہلی مرتبہ بھارت میں پرفارم کرنا اور سیارے کے بہتر مستقبل کے لیے کام کرنے والی غیر معمولی شخصیات کے ساتھ اس تقریب کا حصہ بننا ان کے لیے خاص اہمیت رکھتا ہے۔

    شاہی جوڑی کا دورہ صرف ماحولیاتی ایوارڈز تک محدود نہیں ہوگا بلکہ بھارت کی کرکٹ، فیشن اور سینما انڈسٹری سے متعلق تقریبات بھی ان کے شیڈول کا حصہ ہوں گی۔

    بیماری کے بعد کیٹ مڈلٹن کی واپسی

    کینسر کے علاج کے بعد شہزادی کیٹ نے اپنی سرکاری مصروفیات میں نمایاں کمی کی تھی اور وہ اپنی صحت یابی کو ترجیح دیتی رہی ہیں۔ ان کی عوامی تقریبات میں شرکت بتدریج بڑھ رہی ہے، تاہم اس سے قبل وہ شہزادہ ولیم کے ساتھ کسی غیر ملکی دورے پر نہیں گئی تھیں۔

    2024 کے بعد ان کا ایک اہم بیرون ملک دورہ رواں سال مئی میں اٹلی کا تھا، جہاں انہوں نے ابتدائی بچپن کی نشوونما سے متعلق اپنے کام کے سلسلے میں دو روزہ انفرادی دورہ کیا تھا۔

    برطانوی میگزین کنٹری لائف کے تازہ شمارے میں شائع ہونے والے انٹرویو میں کیٹ مڈلٹن نے اپنی صحت یابی کے تجربے پر بات کرتے ہوئے کہا کہ انہیں اسپتال میں بتایا گیا تھا کہ صحت یابی کا سفر ہمیشہ ایک جیسا نہیں ہوتا، کچھ دن اچھے اور کچھ مشکل ہوتے ہیں اور اس عمل میں وقت لگتا ہے۔

    شہزادی کیٹ کا یہ دورہ نہ صرف شاہی خاندان کی سرگرمیوں بلکہ ان کی صحت یابی کے بعد بڑھتی ہوئی عوامی مصروفیات کے حوالے سے بھی خصوصی توجہ حاصل کر رہا ہے۔