ناصر ہسپتال پر اسرائیلی حملے میں سرجن سمیت چھ افراد ہلاک

غزہ کی سول ڈیفنس سروس کے مطابق، جنوبی غزہ کے ایک ہسپتال پر اسرائیلی حملے میں چھ افراد ہلاک ہو گئے۔
سول ڈیفنس کے ترجمان نے خبر رساں ادارے رائٹرز کو بتایا کہ جمعرات کی صبح خان یونس میں واقع ناصر ہسپتال کی ایک عمارت پر اسرائیلی فضائی حملے میں ایک سرجن سمیت کم از کم چھ افراد ہلاک اور 20 دیگر زخمی ہو گئے۔ ترجمان محمود بصل کے مطابق حملہ ہسپتال کے سرجری ڈیپارٹمنٹ پر ہوا، جس سے وہاں شدید نقصان پہنچا۔
بعد ازاں اسرائیلی فوج نے کہا کہ اس نے حماس کے ایک سینئر عسکریت پسند اور گروپ کے مسلح ونگ کے دیگر ارکان کو نشانہ بنایا، جو اس کے بقول ہسپتال کے اندر سے کارروائیاں کر رہے تھے۔ اسرائیلی فوج نے اپنے بیان میں حماس پر الزام لگایا کہ وہ ہسپتال کے احاطے کو "کمانڈ سینٹر" کے طور پر استعمال کر رہی ہے، جس میں ہتھیار ذخیرہ کرنا، کمانڈ اینڈ کنٹرول روم چلانا، اور ہسپتال کی سہولیات کو جنگجوؤں کے لیے مشاہداتی چوکیوں اور پناہ گاہوں کے طور پر استعمال کرنا شامل ہے۔ رائٹرز اسرائیلی فوج کے ان الزامات کی آزادانہ تصدیق نہیں کر سکا۔
حماس کے ایک ترجمان نے حملے کی مذمت کرتے ہوئے اسے "مکمل جنگی جرم" قرار دیا۔
اسرائیل نے علاقے میں اپنے حملوں میں تیزی لائی ہے اور اس کا کہنا ہے کہ حماس دوبارہ منظم ہونے اور اپنے ہتھیاروں کے ذخیرے کو بحال کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ دوسری جانب حماس کا کہنا ہے کہ وہ ایک سال قبل طے پانے والے جنگ بندی معاہدے پر قائم ہے اور اس نے اسرائیل پر معاہدے کو سبوتاژ کرنے کا الزام لگایا ہے۔
غزہ کے محکمہ صحت کے حکام کے مطابق، معاہدے کے بعد سے اسرائیلی حملوں میں کم از کم 1,600 فلسطینی ہلاک ہو چکے ہیں، جبکہ اسرائیل کا کہنا ہے کہ اس کے چار فوجی ہلاک ہوئے ہیں۔
محکمہ صحت کے مطابق اکتوبر 2023 میں اسرائیل کی جانب سے غزہ پر کارروائی شروع کیے جانے کے بعد سے اب تک 74,000 سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ یہ کارروائی اس وقت شروع ہوئی تھی جب حماس کے مسلح افراد نے جنوبی اسرائیل پر حملہ کیا، جس میں اسرائیلی اعداد و شمار کے مطابق تقریباً 1,200 افراد ہلاک ہوئے تھے۔
