ایکو کونسل آف منسٹرز کے 30ویں اجلاس سے قبل رکن ممالک کے وفود کے اعزاز میں استقبالیہ

اسحاق ڈار کی جانب سے ایکو رکن ممالک کے وزرائے خارجہ کے اعزاز میں عشائیہ

اسلام آباد: نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے اقتصادی تعاون تنظیم (ایکو) کے رکن ممالک کے وزرائے خارجہ اور وفود کے سربراہان کے اعزاز میں عشائیہ دیا۔ یہ تقریب ایکو کونسل آف منسٹرز کے 30ویں اجلاس سے ایک روز قبل منعقد کی گئی۔
عشائیے سے خطاب میں اسحاق ڈار نے مہمانوں کو خوش آمدید کہا اور اجلاس کی کارروائی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایکو کے رکن ممالک کے درمیان قریبی تعلقات قائم ہیں۔ ان کے مطابق پاکستان علاقائی تعاون کو مضبوط بنانے اور امن، ترقی اور خوشحالی کے مشترکہ اہداف کے حصول کے لیے اپنے عزم پر قائم ہے۔

تقریب میں ایکو رکن ممالک کے وزرائے خارجہ اور وفود کے سربراہان شریک ہوئے۔ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ اور وفاقی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری بھی موجود تھے۔ اس کے علاوہ ایکو سیکریٹریٹ کے نمائندوں، سفارتی برادری کے ارکان اور وزارتِ خارجہ کے سینئر حکام نے بھی شرکت کی۔
