علاقائی تعاون کے لیے افغانستان کو ہمسایہ ممالک کے سکیورٹی خدشات دور کرنا ہوں گے، اسحاق ڈار

نائب وزیراعظم کا ای سی او وزرائے خارجہ کونسل سے خطاب؛ پُرامن افغانستان، علاقائی تجارت اور روابط کے فروغ پر زور، پاکستان کی 2026-27 کی سربراہی کے لیے پانچ ترجیحات بھی پیش کر دیں۔
اسلام آباد: نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ خطے میں تجارت، معاشی شراکت داری اور علاقائی روابط کے فروغ کے لیے دہشت گردی کے خطرے سے نمٹنا اور ہمسایہ ممالک کے سکیورٹی خدشات دور کرنا ضروری ہے۔
اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کے وزرائے خارجہ کی کونسل کے 30ویں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان ایک پُرامن، خوشحال اور مستحکم افغانستان دیکھنا چاہتا ہے، جو علاقائی تجارت اور روابط کے منصوبوں میں مؤثر کردار ادا کر سکے۔
"ان کے مطابق افغانستان کی خوشحالی صرف افغان عوام ہی نہیں بلکہ پورے خطے کے مفاد میں ہے، تاہم علاقائی معاشی تعاون کے لیے ایسا محفوظ ماحول ضروری ہے جس میں ممالک کے درمیان تجارت، ٹرانزٹ اور سرمایہ کاری کے منصوبے بلا رکاوٹ آگے بڑھ سکیں"
امن اور معاشی ترقی کا باہمی تعلق
اسحاق ڈار نے کہا کہ تنازعات اور عدم استحکام تجارتی راستوں، توانائی کی فراہمی، سرمایہ کاری اور ترقیاتی منصوبوں کو متاثر کرتے ہیں۔ امن اور ترقی ایک دوسرے کو تقویت دیتے ہیں، جبکہ بدامنی معاشی تعاون کے امکانات محدود کر سکتی ہے۔
انہوں نے علاقائی تنازعات کے حل کے لیے مذاکرات اور سفارت کاری کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کے چارٹر کے مطابق مسائل کے پُرامن حل کا حامی ہے۔
وزیر خارجہ کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف، چیف آف ڈیفنس فورسز و آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور دفتر خارجہ علاقائی ممالک اور عالمی شراکت داروں کے ساتھ رابطوں کے ذریعے پُرامن حل کی کوششیں کرتے رہے ہیں۔
ای سی او کی سربراہی کے لیے پاکستان کی پانچ ترجیحات
اسحاق ڈار نے 2026-27 کے لیے پاکستان کی ای سی او سربراہی کی پانچ ترجیحات بھی بیان کیں، جن میں تجارت و سرمایہ کاری، علاقائی روابط، تجارتی نظام کی جدید کاری، موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کی صلاحیت اور انسانی ترقی شامل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ای سی او خطہ قدرتی وسائل، توانائی کے ذخائر، زرعی صلاحیت اور جغرافیائی اہمیت رکھتا ہے، تاہم اس صلاحیت سے بھرپور فائدہ اٹھانے کے لیے رکن ممالک کے درمیان معاشی روابط کو مضبوط بنانا ہوگا۔
پاکستان منڈیوں تک رسائی بڑھانے، علاقائی ویلیو چین کو مضبوط کرنے اور نجی شعبے، خصوصاً چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں کی شمولیت بڑھانے کے لیے کام کرے گا۔
وسطی ایشیا سے بحیرہ عرب تک رابطوں پر زور
نائب وزیراعظم نے وسطی ایشیا، جنوبی ایشیا اور بحیرہ عرب کی بندرگاہوں کے درمیان رابطے مضبوط بنانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ کسٹمز طریقہ کار میں ہم آہنگی، سرحدی انتظامات میں بہتری اور قابلِ اعتماد ٹرانزٹ نظام علاقائی تجارت کو مؤثر بنانے کے لیے اہم ہیں۔
انہوں نے موسمیاتی تبدیلی، قدرتی آفات اور پانی و توانائی کے وسائل پر بڑھتے دباؤ کو خطے کے مشترکہ چیلنجز قرار دیتے ہوئے آفات سے نمٹنے کی تیاری، پیشگی اطلاع کے نظام، پانی کے پائیدار انتظام اور موسمیاتی تبدیلیوں سے مطابقت رکھنے والے بنیادی ڈھانچے میں تعاون بڑھانے پر زور دیا۔
اسحاق ڈار نے تعلیم، تحقیق، جدت اور فنی تربیت میں سرمایہ کاری کی ضرورت پر بھی بات کی۔ ان کے مطابق نوجوانوں کو بدلتی ہوئی معیشت کی ضروریات کے مطابق مہارتیں فراہم کرنا اور کاروباری و پیشہ ورانہ تبادلوں کو فروغ دینا علاقائی تعاون کو مضبوط بنا سکتا ہے۔
ای سی او تجارتی معاہدے کو جدید بنانے کی تجویز
اسحاق ڈار نے ای سی او تجارتی معاہدے کو جدید خطوط پر استوار کرنے کو بھی پاکستان کی ترجیحات میں شامل قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ نومبر 2025 میں رکن ممالک کے وزرائے تجارت کی جانب سے منظور کردہ مذاکراتی حکمت عملی اور روڈ میپ اس سلسلے میں بنیاد فراہم کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک مؤثر، جامع اور ڈیجیٹل سہولتوں سے آراستہ علاقائی تجارتی نظام کے قیام کے لیے رکن ممالک کے ساتھ رابطے جاری رکھے گا۔
نائب وزیراعظم نے اقتصادی تعاون کے اسٹریٹجک اہداف 2026 سے 2035 تک حتمی شکل دینے کی پیش رفت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ فریم ورک آئندہ دہائی میں تنظیم کی ترجیحات کے تعین میں مدد دے گا۔
اعلانات سے آگے بڑھ کر عملی اقدامات کی ضرورت
اسحاق ڈار نے ای سی او رکن ممالک پر زور دیا کہ وہ محض اعلانات اور بات چیت تک محدود رہنے کے بجائے ایسے عملی اقدامات کریں جن سے تجارت، ٹرانسپورٹ اور معاشی مواقع میں بہتری آئے۔
ان کا کہنا تھا کہ جغرافیائی قربت کو علاقائی روابط، روابط کو تجارت اور تجارت کو عوام کی پائیدار خوشحالی میں تبدیل کرنا ہوگا۔ ای سی او کی کامیابی کا اصل پیمانہ خطے کے عام لوگوں کی زندگیوں میں آنے والی بہتری ہونا چاہیے۔
پاکستان 2026-27 کے لیے ای سی او کی سربراہی ایسے وقت میں سنبھال رہا ہے جب تنظیم کے رکن ممالک کے درمیان تجارت، ٹرانزٹ، علاقائی سلامتی اور معاشی روابط کو مضبوط بنانے کے امکانات اور چیلنجز دونوں موجود ہیں۔ پاکستان نے اپنی سربراہی کے لیے "Reviving Regionalism for a Resilient ECO" یعنی مضبوط اور مستحکم ای سی او کے لیے علاقائیت کی بحالی کا عنوان مقرر کیا ہے۔
