فائنل جیتنے کے بعد بھارتی کھلاڑیوں کے رویے پر سوشل میڈیا اور کرکٹ حلقوں میں سوالات اٹھ گئے

انڈر 19 ایشیا کپ فائنل: بھارتی کھلاڑیوں کے جارحانہ جشن اور نامناسب اشاروں پر کڑی تنقید
انڈر 19 ایشیا کپ کے فائنل میں پاکستان کے خلاف کامیابی کے بعد بھارتی کھلاڑیوں کے جارحانہ جشن اور نامناسب اشاروں پر کرکٹ حلقوں میں کڑی تنقید کی جا رہی ہے۔
بھارتی ٹیم نے ایک وکٹ سے میچ جیتا، تاہم فتح کے بعد میدان میں ہونے والے مناظر کھیل کے اخلاقی تقاضوں کے منافی قرار دیے جا رہے ہیں۔ بعض کھلاڑی جشن مناتے ہوئے آپے سے باہر ہو گئے، گالیاں دیتے رہے اور نامناسب اشارے کرتے نظر آئے۔
بھارت کے خلاف لیگ میچ میں سنچری بنانے والے حمزہ ظہور کے سامنے آ کر بھی بھارتی کرکٹرز نے نامناسب رویہ اختیار کیا۔ بھارتی میڈیا نے بھی فتح کے بعد پاکستانی وکٹ کیپر کے سامنے کھلاڑیوں کے جارحانہ طرزِ عمل کو رپورٹ کیا۔
بھارتی میڈیا نے واقعے کی ویڈیوز اور کھلاڑیوں کے انداز کا ذکر کیا اور جشن کو جارحانہ قرار دیا۔ نامناسب اشاروں پر سوشل میڈیا پر ہونے والی تنقید بھی میڈیا رپورٹس کا حصہ بنی، جبکہ بھارتی کھلاڑیوں کے رویے پر سوالات اٹھنے لگے ہیں۔
مناظر میں بھارتی ٹیم کے سپورٹ اسٹاف کو بھی کھلاڑیوں کو روکتے اور صورت حال پر قابو پانے کی کوشش کرتے دیکھا گیا۔
سوشل میڈیا صارفین نے بھی بھارتی کھلاڑیوں کے رویے کو اسپورٹس مین اسپرٹ کے منافی قرار دیا۔ صارفین کا سوال تھا کہ کامیابی کے جشن میں کھیل کے احترام اور اخلاقیات کو کیوں نظر انداز کیا گیا۔
