علاقائی سلامتی، باہمی اعتماد اور قریبی تعاون پر زور، دو طرفہ تعلقات مضبوط بنانے کی خواہش کا اظہار

فیلڈ مارشل سے ایرانی وزیر خارجہ کی ملاقات، علاقائی امن میں پاکستان کے کردار کی تعریف
فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کی قیادت میں ایران کے اعلیٰ سطح کے وفد نے ملاقات کی ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ملاقات میں علاقائی سلامتی کی صورتحال اور بدلتی ہوئی جیو پولیٹیکل پیش رفت پر تبادلہ خیال ہوا۔ مشترکہ سلامتی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے راستے تلاش کرنے پر بھی گفتگو کی گئی۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ فیلڈ مارشل نے خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے دونوں برادر ممالک کے درمیان مسلسل رابطے، باہمی اعتماد اور قریبی تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔
بیان کے مطابق ایرانی وزیر خارجہ نے علاقائی امن و استحکام کے فروغ میں پاکستان کے تعمیری کردار کو سراہا۔ ملاقات میں دو طرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی خواہش کا بھی اظہار کیا گیا۔
