ایئر چیف کا دورۂ ازبکستان، دفاعی تعاون بڑھانے پر اتفاق

ازبک وزیر دفاع کی پاک فضائیہ کی پیشہ ورانہ مہارت اور جنگی صلاحیتوں کی تعریف

چیف آف دی ایئر اسٹاف ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سندھو نے ازبکستان کے سرکاری دورے کے دوران اعلیٰ سطحی ملاقاتیں کیں۔ ان کی ملاقات ازبک وزیر دفاع لیفٹیننٹ جنرل بوتیر قدرت خوجایف بہرومووچ اور ڈپٹی وزیر دفاع و کمانڈر ایئر ڈیفنس اینڈ ایئر فورس میجر جنرل برخانوف احمد جمالووچ سے ہوئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ازبک وزیر دفاع سے ملاقات میں علاقائی سلامتی، موجودہ دفاعی تعلقات اور ادارہ جاتی تعاون کے امکانات پر بات چیت کی گئی۔ ازبک وزیر دفاع نے پاک فضائیہ کی پیشہ ورانہ صلاحیت، آپریشنل مہارت اور جنگی استعداد کی تعریف کی۔

بعد ازاں ڈپٹی وزیر دفاع اور ایئر ڈیفنس اینڈ ایئر فورس کے کمانڈر سے ملاقات میں دو طرفہ دفاعی تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر توجہ دی گئی۔ اس سلسلے میں مشترکہ فوجی مشقوں، باقاعدہ پیشہ ورانہ تبادلوں اور استعداد کار میں اضافے پر گفتگو ہوئی۔
ایئر چیف نے ملاقاتوں میں پاکستان اور ازبکستان کے درمیان برادرانہ اور دیرینہ تعلقات کا ذکر کیا۔ دونوں جانب سے آپریشنل تیاریوں کو بہتر بنانے اور جدید ٹیکنالوجیز کے شعبے میں تعاون بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ اس مقصد کے لیے دونوں ممالک اپنی اپنی مہارت اور صلاحیتوں سے استفادہ کریں گے۔
